ممبئی میں آشیش رانے کی فضائی تصاویر کی نمائش

   

ممبئی: ایوارڈ یافتہ فوٹو جرنلسٹ اور انگریزی رزوزنامہ مڈ ڈے کے سینئر فوٹو ایڈیٹر رانے آشیش شہر کی بدلتی ہوئی شکل اور اس کے منفرد منظرنامے کو فضائی انداز میں پیش کرنے جا رہے ہیں۔ ان کی فضائی فوٹوگرافی کی نمائش ’ممبئی فرام اباو‘ 2 مئی 2025 کو شام 7 بجے ممبئی پریس کلب میں منعقد کی جائے گی، جو شہر کو لینس کے ذریعے ایک خراج تحسین ہے ۔ اس نمائش میں 30 سے زائد دلکش فضائی تصویریں شامل ہوں گی، جنہیں پہلی مرتبہ منفرد ایل ای ڈی ڈسپلے کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ یہ تمام تصاویر پچھلی دہائی کے دوران شہر کے 80 سے زائد مقامات پر کھینچی گئی ہیں، جو ممبئی کی ترقیاتی تبدیلیوں، ورثے کے تحفظ، سڑکوں کی متحرک زندگی اور ساحلی ترقی کو ایک بصری داستان کی صورت میں پیش کرتی ہیں۔ ان تصویروں کے پیچھے مہارت، صبر اور شام سے رات تک لمبے اوقات تک کام کرنے کا جذبہ کارفرما ہے تاکہ بہترین فریم حاصل کیا جا سکے ۔ فوٹو جرنلزم کے شعبے میں 25 سال سے زائد کے تجربے کے ساتھ رانے آشیش نے ابھیان، سمنتر اور بامبے ٹائمز جیسی معروف اشاعتوں کے ساتھ کام کیا ہے ۔