ممبئی میں شدید بارش ، 3 منزلہ چال منہدم، 6 ہلاک

,

   

عام زندگی مفلوج‘ سڑکیں جھیل میں تبدیل ‘ کئی علاقوں میں آج تعلیمی ادارے بند

ممبئی ۔ 5؍جولائی ( ایجنسیز ) ممبئی میں تین منزلہ چال منہدم ہونے سے کم از کم 6 افراد ہلاک اور ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنتا نگر علاقہ کی چال نمبر 5 میں رات 9 بجے کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہیکہ مہلوکین میں 5 لڑکے ہیں اور ایک خاتون شامل ہیں۔ ایک شخص جو وہاں سے گزر رہا تھا وہ زخمی ہوا ہے۔ ممبئی میں مسلسل موسلادھار بارش کے سبب شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں کرلا میں واقع لوک مانیہ تلک ٹرمینس ریلوے اسٹیشن کامپلکس ہے۔ محکمہ موسمیات نے ممبئی اور ٹھانے کیلئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے بے حد ضروری ہونے پر ہی گھروں سے باہر نکلنے اور الرٹ رہنے کی اپیل کی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق چند گھنٹوں کے دوران 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ممبئی کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے جس کے سبب کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیاہے۔ مہاراشٹر اکے دیگر حصوں کیلئے بھی الرٹ جاری کیا ہے۔ پالگھر اور دیگر کئی علاقوں میں 6 جولائی کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جہاں مسلسل بارش اور کچھ مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ لاحق ہے۔ انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھ رہی ہے اور حساس علاقوں میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔