ممبئی میں شرابی ڈرائیوروں کیخلاف ٹریفک پولیس کی مہم

   

ممبئی: ممبئی میں ٹریفک پولیس نے نشے میں گاڑی چلانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے کے لیے دو الگ الگ کارروائیوں میں کئی افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد سڑک پر شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانا اور غیر ذمہ دار ڈرائیونگ پر روک لگانا تھا۔ شہر میں 13اور 14اپریل کو ٹریفک پولیس نے ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے خلاف خصوصی مہم کے دوران 13 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف مقدمات درج کیے ، جو شراب کے نشے میں گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے گئے تھے ۔ ان تمام افراد کے خلاف کارروائی بھارتیہ نیائے سنہتا 2023کی دفعہ 125کے تحت کی گئی۔ ٹریفک پولیس نے ان افراد کی شناخت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب عوامی جان کو خطرے میں ڈالنے جیسے سنگین حرکت میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ممبئی ٹریفک پولیس نے پیر کے روز اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے ذریعے اس مہم کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ان دو دنوں میں پورے شہر میں نشے میں ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف وسیع سطح پر کارروائی کی گئی۔
پولیس نے واضح کیا کہ ایسی خلاف ورزیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، کیونکہ یہ نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ سڑکوں پر لوگوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بھی ہے ۔
دوسری جانب سی ووڈس ٹریفک پولیس نے بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے آٹو رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی شروع کی ہے ۔ یہ مہم 3 مارچ سے جاری ہے اور اب تک 200 سے زائد آٹو ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے ۔ ان ڈرائیوروں پر الزام ہے کہ وہ مسافروں کو سوار کرنے سے انکار کرتے ہیں، قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور بعض اوقات لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہیں۔