ممبئی میں عمارت منہدم، 11افراد ہلاک، 40 ملبہ میں پھنس گئے

,

   

ملبہ سے بچہ کو زندہ بچالیا گیا، ڈونگری کی تنگ گلی میں دلخراش مناظر، مقامی افراد بھی راحت رسانی میں مصروف

ممبئی 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ممبئی کے تنگ علاقہ ڈونگری میں منگل کو ایک چار منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں کم سے کم 11افراد ہلاک اور دیگر 40 ملبے میں پھنس گئے۔ مہاراشٹرا کے وزیر امکنہ رادھا کرشنا وکھے پاٹل نے کہاکہ جنوبی ممبئی کے ڈونگری ٹاؤن کی تنگ گلی ٹانڈیل اسٹریٹ میں واقع ایک کوثر باغ عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں کم سے کم 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایک عہدیدار نے کہاکہ سات افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ ممبئی کے میئر وشواناتھ مہادیشور نے کہاکہ اُنھوں نے میونسپل کمشنر کو اس واقعہ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ٹیلی ویژن چیانلوں نے کپڑے کے ایک بنڈل میں پھنسے ہوئے ایک بچہ کی ڈرامائی صورتحال کے کلپس ٹیلی کاسٹ کئے۔ اس بچہ کو ملبہ سے باہر نکالا گیا تھا۔ عہدیداروں نے کہاکہ یہ بچہ زندہ ہے۔ بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے امام واڑہ میونسپل سیکنڈری گرلز اسکول میں ایک شیلٹر قائم کیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ایک ٹیم اس مقام پر پہونچ چکی ہے۔ ممبادیوی کے رکن اسمبلی امین پٹیل نے اس مقام پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’ہمیش خدشہ ہے کہ 10 تا 12 خاندان ملبہ میں پھنسے ہوئے ہیں‘۔ چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے کہا ہے کہ یہ عمارت 100 سال قدیم تھی لیکن مخدوش عمارتوں کی فہرست میں شامل نہیں تھی اور دوبارہ تعمیر کے لئے یہ ایک ڈیولپر کو دی گئی تھی۔ اس میں 10 تا 15 خاندان مقیم تھے۔

مقامی افراد کا کہنا تھا کہ یہ بلڈنگ مہاراشٹرا ہاؤزنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایچ اے ڈی اے) کی ملکیت تھی۔ لیکن ایم ایچ اے ڈی اے درستگی بورڈ کے سربراہ ونود بوسالکر نے کہاکہ یہ عمارت اس ہاؤزنگ ادارہ کی ملکیت نہیں تھی۔ ایک رکن اسمبلی بھائی جگتاپ نے کہاکہ مقامی افراد نے شکایت کی کہ امکنہ کے حکام نے مؤثر اقدامات نہیں کئے تھے حالانکہ یہ عمارت قدیم تھی اور ایک طویل عرصہ سے مخدوش حالت میں تھی۔ عمارت کے منہدم ہوجانے کے باوجود اس کا کچا حصہ بدستور محفوظ رہا۔ فائر بریگیڈ، ممبئی پولیس اور بلدی حکام اس مقام کو پہونچ گئے لیکن تنگ گلیوں سے متاثرہ مقام تک رسائی میں دشواری ہوئی۔ منہدمہ عمارت کا ملبہ گرنے کے بعد سارا علاقہ ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ جہاں ہر طرف کنکریٹ اور تار بکھرے پڑے ہیں۔ مقامی افراد کی کثیر تعداد راحت رسانی کے کام میں شامل ہوگئی۔ ملبہ میں دفن ہوجانے والے افراد کو باہر نکالنے کے لئے انسانی زنجیر بناتے ہوئے ملبہ کی صفائی میں مدد کی۔ اس مقام پر ایمبولنس نہیں پہونچ سکے تھے چنانچہ زخمیوں کو تقریباً 50 میٹر کے فاصلہ تک اُٹھاکر لیجایا گیا۔ ممبئی کے پولیس کمشنر سنجے باروے نے منہدمہ عمارت اور اطراف کے علاقے کا معائنہ کیا۔

ممبئی عمارت انہدام واقعہ میں ہلاکتوں پر وزیراعظم کا اظہار تعزیت
نئی دہلی 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ممبئی میں ایک عمارت کے منہدم ہوجانے کے سبب کم سے کم 12 افراد کی ہلاکتوں پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی حکومت اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس امداد و راحت کام میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم مودی کے دفتر نے ان کے حوالہ سے ٹوئیٹ کیاکہ ’ممبئی کے ڈونگری کے علاقہ میں عمارت کا منہدم ہوجانا انتہائی افسوسناک ہے۔ میری تعزیت ان خاندانوں کے لئے ہے جن کے افراد فوت ہوئے ہیں۔ مجھے اُمید ہے کہ زخمی جلد صحتیاب ہوجائیں گے‘۔