ممبئی : ممبئی میں باندرہ کے لنکنگ روڈ علاقے میں واقع الیکٹرونک و کھیل کود کے مصنوعات کے مشہور کروما شوروم میں منگل کی صبح زبردست آگ لگ گئی جس میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے لیکن کروڑوں روپیہ کی مالیت کے تباہ ہونے کا اندیشہ لگایا جاریا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق کروما شورم لنکنگ روڑ پر واقع تین منزلہ اسکوائر مال میں واقع ہے جو این سی پی کے مقتول رہنما بابا صدیقی کی ملکیت ہے۔فائر برگیڈ ذرائع کے مطابق ابتدائی طور آگ شاپنگ مال کے تہہ خانے میں لگی تھی۔ اسکی اطلاع محکمہ فائر کو صبح 4 بج کر 17 منٹ پر موصل ہوئی تھی جسکے بعد فائر بریگیڈ عملے نے راحتی کاموں کو شروع کیا جو تادم تحریر تک جاری ہے ۔ محکمہ فائر نے پہلے آگ کی درجہ بندی سطح اول کی تھی بعد میں اسکے مزید پھیلاو پر اسے سطح چہارم کے درجہ بندی ظاہر کیا گیا۔ آگ کی وجہ سے پورئے مال میں دھواں بھر گیا ہے ۔12 فائر انجن، 9 جمبو واٹر ٹینکرز، دو سانس لینے والی گاڑیاں، ایک ریسکیو وین، اور ایک کوئیک رسپانس وہیکل راحتی کاموں میں مصروف ہیں جو جاری ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ کا ابھی تعین نہیں ہو سکا ہے ۔ذیشان صدیقی سابق ایم ایل اے اور بابا صدیقی کے فرزند بھی جائے حادثہ پر موجود رہے ۔یاد رہے کہ کچھ روز قبل ممبئی میں واقع ای ڈی کے دفتر میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔