ممبئی۔ 4 جون ۔ ( یو این آئی ) عید الاضحیٰ کے موقع پر دیونار مذبح خانہ میں اس سال 1.5 لاکھ سے زائد جانور، جن میں بکرے اور 8000 بھینسیں شامل ہیں، پہنچ چکے ہیں۔ یہ ایشیا کا سب سے بڑا مذبح خانہ ہے اور اس میں مزید جانوروں کی آمد متوقع ہے ۔ اس پس منظر میں برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے جانوروں کے قیام اور تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ بی ایم سی کے مطابق، تہوار کے دوران 500 سے زائد صفائی اور سیکورٹی اہلکار اس احاط میں تعینات کیے جائیں گے ۔7جون کو منائی جانے والی عید الاضحیٰ کے لیے 109 مقامات پر بکروں کے مذہبی ذبیحہ کی اجازت دی گئی ہے ، جبکہ بھینسوں کے ذبیحہ کی اجازت صرف مذبح خانہ کے اندر دی گئی ہے ۔ روایات کے مطابق قربانی 7 جون سے 9 جون تک دی جائے گی۔راجستھان، گجرات، اترپردیش اور دیگر ریاستوں سے ہزاروں تاجر ہر سال عید سے تقریباً 15 دن قبل جانوروں کے ساتھ دیونار پہنچتے ہیں۔ اس سال تقریباً 1.6 لاکھ جانوروں کی آمد کی توقع ہے ۔ تہوار کے دنوں میں روزانہ 1.5 لاکھ افراد مذبح خانے میں پہنچنے کی امید ہے ۔ جانور لانے والے تمام تاجروں کی آن لائن رجسٹریشن کی جا رہی ہے۔