نئی دہلی، 21 ستمبر (یو این آئی) سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے سپریم کورٹ سے ترنمول کانگریس کے نام اور اس کے ‘پھول اور گھاس’ کے نشان کو منجمد کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی ممتا بنرجی کی عرضی پر فوری سماعت کی اپیل کی۔ سبل نے انتخابی عمل کے درمیان پارٹی کے نام اور نشان کو منجمد کرنے کمیشن کے فیصلے پر سوال کرکے اس معاملے کو جلد فہرست بند کرنے کی مانگ کی۔ چیف جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ دونوں فریقوں کے پاس اپنے دلائل ہوں گے اور یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے کی اسی ہفتے سماعت کی کوشش کی جائے گی۔ ممتا بنرجی کی عرضی میں کمیشن کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے جس کے تحت الیکشن سمبلز آرڈر، 1968 کے تحت حتمی فیصلہ آنے تک دونوں دھڑوں کے ‘آل انڈیا ترنمول کانگریس’ کے نام اور ‘پھول اور گھاس’ کا نشان استعمال کرنے پر روک لگا دی گئی ہے ۔