ممتابنرجی کے چھوٹے بھائی کی بی جے پی میں شمولیت کی تردید

   

کولکتہ: ممتا بنرجی کے ذریعہ اپنے چھوٹے بھائی سے قطع تعلق کا اعلان کرنے کے ایک دن بعد وزیر اعلیٰ کے چھوٹے بھائی سوپن بنرجی نے ہوڑہ سے ترنمول کانگریس کے امیدوار کے خلاف انتخاب لڑنے کے اعلان سے دستبردار ہوتے ہوئے کہا کہ وہ دیدی کی ہر بات کو آشیرواد کے طور پر لیتے ہیں ۔خیال رہے کہ ٹکٹ نہ ملنے سے مایوس سوپن بنرجی نے ترنمول کانگریس کے امیدوار کی شدید مخالفت کرتے ہوئے آزادانہ انتخاب لڑنے کا اعلان کیا تھا اور ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائی بھی سرگرم تھی۔ چہارشنبہ کی صبح انہوں نے ہوڑہ صدر کے لیے ترنمول کانگریس کو نامزدامیدوار پر عوامی طور پر اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امیدوار کا انتخاب نہیں کیا گیا۔ انہوںنے یہ اشارہ بھی دیا کہ وہ ہوڑہ سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے چاہے دیدی (ممتا) انہیں اجازت نہ دیں۔ دوپہر کے وقت اسی سوپن نے 180 ڈگری کا رخ کیا اور کہا کہ وہ آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن میں نہیں کھڑے ہیں۔ اور دیدی نے ان کے بارے میں جو کچھ کہا، وہ ہر چیز کودیدی کا آشیرواد سمجھ رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے چہارشنبہ کو سلی گوڑی میں ایک پریس کانفرنس میں اپنے چھوٹے بھائی سوپن بنرجی سے تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہوڑہ صدر لوک سبھا حلقہ میں ترنمول امیدوار بننے کے قابل ہونے کے بغیر سوپن جو کچھ کر رہے ہیں یا کہہ رہے ہیں اس سے پورا بنرجی خاندان ناراض ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ میں سیدھا کہہ رہی ہوں، جو لوگ بڑے ہوتے ہیں، ان کا لالچ بھی بڑھ جاتا ہے ۔ مجھے نہیں لگتا کہ وہ خاندان کا فرد ہے ۔ تمام تعلقات منقطع کردئیے ہیں۔ ساتھ ہی ممتا بنرجی نے بھائی کی حرکتوں پر غصہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے ان کے بہت سے کام زیادہ عرصے سے پسند نہیں ہیں۔ لیکن سب کچھ باہر نہیں کہا جا سکتا۔ میں آج بات کر رہی ہوں۔ ہمارے خاندان میں کوئی ایسا نہیں ہے ۔ ہر کوئی اس سے ناراض ہے ۔