کولکاتہ، 17 اپریل (یو این آئی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے خواتین ریزرویشن بل کی حمایت کی ہے لیکن اسے مجوزہ حد بندی عمل سے جوڑنے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ترنمول کانگریس ایسے کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کرے گی۔ ڈمڈم میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم خواتین ریزرویشن بل کی حمایت کریں گے لیکن اس کے ساتھ کوئی اور چیز شامل کرنے کی کوشش نہ کریں، ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے ۔ یہ بیان پارلیمنٹ کے جاری خصوصی اجلاس کے دوران مرکز کے قانون سازی ایجنڈے پر تیز ہوتی سیاسی بحث کے درمیان سامنے آیا ہے ۔ خواتین ریزرویشن بل کو باضابطہ طور پر 131ویں آئینی ترمیمی بل کے طور پر پیش کیا گیا ہے ، جس میں لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کیلئے 33 فیصد نشستیں مختص کرنے کی تجویز ہے ۔ ترنمول کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ مرکز اس کوٹے کے نفاذ کو آئندہ مردم شماری کے اعداد و شمار پر مبنی حد بندی کے عمل سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ممتا بنرجی نے زور دے کر کہا کہ آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت ضروری ہوتی ہے اور انہوں نے دونوں معاملات کو ایک ساتھ جوڑنے کے مقصد پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی میں پہلے ہی 37 فیصد منتخب خواتین نمائندے موجود ہیں، پہلے آپ اپنی پارٹی میں خواتین کو ٹکٹ دیں اور انہیں کامیاب بنائیں۔ ترنمول کانگریس سربراہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ مرکز خواتین ریزرویشن بل کو ایک ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ایک وسیع سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتا ہے ۔H/I