کولکاتہ۔9؍جولائی ( ایجنسیز )کلکتہ ہائی کورٹ نے سابق چیف منسٹرمغربی بنگال وسربراہ ترنمول کانگریس ممتابنرجی کو بڑی راحت دیتے ہوئے پارٹی کے منجمد کیے گئے 3 بینک اکاؤنٹس سے روزمرہ کے اخراجات کیلئے رقم نکالنے کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے اس عمل کی نگرانی کیلئے اسپیشل آفیسر بھی مقرر کیا ہے جو 30 ستمبر 2026 تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ یہ تینوں بینک اکاؤنٹس 18 جون کو بدھان نگر پولیس کمشنریٹ کے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں درج ایک شکایت کے بعد منجمد کر دیے گئے تھے۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ان اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر جرم سے حاصل ہونے والی رقم رکھی گئی ہے جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کے دوران احتیاطی اقدام کے طور پر ان پر لین دین روک دیا تھا۔عدالت نے کلکتہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس سبرت تعلقدار کو اسپیشل آفیسر مقرر کیا ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق پارٹی کے تینوں بینک کھاتوں کے 2 مجاز دستخط کنندگان اسپیشل آفیسر کے سامنے چیک پیش کریں گے۔ ان کی منظوری کے بعد متعلقہ چیک بینک حکام کو ادا کرنے کیلئے بھیجے جائیں گے ۔سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ سیاسی پارٹی کے معمول کے انتظامی امور چلانے کیلئے بینک اکاؤنٹس کو محدود پیمانے پر استعمال کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے تاہم یہ اجازت صرف روزمرہ کے اخراجات تک محدود ہوگی اور اس پر اسپیشل آفیسر کی نگرانی برقرار رہے گی۔