کولکاتا : وزیرا علیٰ ممتا بنرجی میڈرڈ کے بعد بارسلونامیں موجود ہیں ۔میڈرڈ کے سفر کے دوران وزیرا علیٰ ممتا بنرجی اسپینی تاجر برادری کے ساتھ میٹنگ میں بنگال کو صنعت کاری اور سرمایہ کاری کیلئے زرخیز زمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگال اب ہندوستان کی قیادت کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگال اس وقت ملک کی سب سے خوشحال ریاست ہے ۔ ہم ملک کی قیادت کر رہے ہیں۔ ہم گیم چینجر ہیں۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ بنگال میں سرمایہ کاری میں کوئی مسائل نہیں ہے ۔زمین سے لے کر مواصلات تک، تربیت یافتہ مزدوروں سے لے کر سرکاری سہولیات تک سب بنگال میں موجود ہے ۔ منگل کو ممتا کے دورہ اسپین کا ساتواں دن ہوا ۔ وہ چار دن میڈرڈ میں تھیں۔ گزشتہ اتوار کو بارسلونا پہنچی ہیں۔ منگل کی صنعت کانفرنس ایل پیلس ہوٹل کے گرینڈ ویا ہال میں منعقد ہوئی۔ جیسا کہ میڈرڈ میں، چیف ایڈوائزر الپن بنرجی پروگرام کے انعقاد کے انچارج تھے ۔ اسپین میں ہندوستانی سفیر دنیش پٹنائک مقررین میں شامل تھے ۔ انہوں نے اپنی تقریر میں بنگال میں سرمایہ کاری کے فوائد پر بھی روشنی ڈالی۔
ہندوستانی صنعت کی جانب سے امبوجا ریئلٹی کے چیئرمین ہرش نیوٹیا، ٹیٹا گڑھ ویگن لمیٹڈ کے وائس چیئرمین امیش چودھری، ہند نژاد صنعت کار کمل متل، ریلائنس انڈسٹریز کے صدر ترون جھن جھن والا اور فینسیا لمیٹڈ کے چیئرمین رمیش جونیجا نے بنگال میں سرمایہ کاری کے اچھے ماحول پر روشنی ڈالی۔