ممتا کا وزیر اعظم کو مکتوب، ویکسین کی تعداد میں اضافہ پر زور

   

کولکتہ:مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی‘ مرکزی حکومت کے ٹیکہ فراہمی میں اضافہ نہ کرنے کولیکر انتہائی متفکر ہیں اور انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر کورنا کے سنگین حالات کا اندیشہ ظاہر کیا ہے اور متنبہ کیا ہے کہ اگر ٹیکہ فراہمی میں اضافہ نہیں کیا گیا تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی ممتا بنرجی نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر اس سلسلے میں گزارش کی تھی اور کہا تھا کہ مغربی بنگال کو زیادہ تعداد میں کورونا کے ٹیکے فراہم کیے جائیں۔تازہ خط میں ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ مغربی بنگال میں ٹیکے کی فراہمی نہیں بڑھائی گئی تو کووڈ وبا کی حالت سنگین شکل اختیار کر سکتی ہے۔ انھوں نے نریندر مودی کو یہ بھی بتایا کہ بنگال کو اینٹی کووڈ-19 ٹیکے کی تقریباً 14 کروڑ خوراک کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ ممتا بنرجی نے گزشتہ دنوں وزیر اعظم مودی سے دہلی میں ملاقات کے دوران بھی کورونا ویکسین کی کمی کا مسئلہ اٹھایا تھا۔