منتخب عازمین کو 81 ہزار روپئے جمع کرنے کی آج آخری تاریخ

   

ضروری دستاویزات اور پاسپورٹ ریاستی حج کمیٹی میں جمع کرانے کی خواہش
حیدرآباد۔5۔ مئی (سیاست نیوز) حج 2022 ء کیلئے تلنگانہ سے منتخب 1818 عازمین کیلئے سفری اخراجات کی پہلی قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ 6 مئی مقرر کی گئی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین حج کی سہولت کیلئے تاریخ میں اضافہ کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ، لہذا منتخب عازمین کو پہلی قسط کی ادائیگی کے علاوہ تمام ضروری دستاویزات ریاستی حج کمیٹی کے پاس جمع کرنے ہوں گے ۔ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ نے کہا کہ پہلی قسط کے طور پر 81 ہزار روپئے جمع کرنے ہوں گے ۔ حج کمیٹی کے ویب سائیٹ پر یہ رقم آن لائین جمع کی جاسکتی ہے ۔ حج کے مجموعی اخراجات کا تعین سفری اخراجات کے ٹنڈر کو قطعیت دینے اور سعودی عرب کے اخراجات کی تفصیلات کونسل جنرل انڈیا جدہ کی جانب سے روانہ کئے جانے کے بعد ہوگا جس کی اطلاع عازمین کو کردی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر امبارگیشن پوائنٹ کے لئے سفری اخراجات جداگانہ ہوسکتے ہیں۔ 6 مئی تک پہلی قسط کی ادائیگی کے بعد عازمین کو درخواست فارم کی کاپی ، اوریجنل پاسپورٹ ، پہلی قسط کی ادائیگی سے متعلق پیمنٹ سلپ ، ایک پاسپورٹ سائز فوٹو، میڈیکل اسکریننگ سرٹفیکٹ ، کورونا کی دونوں خوراکوں کا سرٹیفکٹ ، ایڈریس پروف ، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اور بینک پاس بک کی نقل ریاستی حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاؤز نامپلی میں جمع کرائی جائیں۔ مقررہ تاریخ میں پہلی قسط اور دستاویزات کی عدم ادائیگی پر درخواستیں مسترد کردی جائیں گی۔ اسی دوران عازمین حج کیلئے میڈیکل فٹنس سرٹیفکٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں بعض ڈاکٹرس نے مفت خدمات کا پیشکش کیا ہے۔ر