سنگاریڈی ۔ 19ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) موجودہ دور میں نئی نسل کو دینی تعلیمات اور بالخصوص احادیثِ نبویؐ سے روشناس کرانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔ اسی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مولانا محمد قمر عالم قاسمی، ایم اے عربی علی گڑھ سابق استادِ حدیث مدرسہ عربیہ نعمانیہ نسواں اور عربی لکچرر انسٹا جونیئر کالج سنگاریڈی نے 40 منتخب احادیثِ نبویؐ پر مشتمل ایک مفید اور منفرد کتاب رومن انگلش؍اُردو میں مرتب کی ہے، جس میں احادیث کے ترجمہ و تشریح کو مختصر، جامع، آسان اور عام فہم انداز میں پیش کیا گیا ہے۔کتاب کی رسمِ اجراء 18 ستمبر کو بعد نمازِ مغرب مسجد احمد، سنگاریڈی کی بالائی منزل پر منعقدہ ایک تقریب میں عمل میں آئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد قمر عالم قاسمی نے کہا کہ نئی نسل کی دینی تربیت، اخلاقی اصلاح اور احادیثِ رسولِ اکرمؐ سے وابستگی پیدا کرنے کے مقصد سے یہ علمی و دینی کاوش انجام دی گئی ہے۔اس کتاب کی اشاعت مدرسہ عربیہ مدینۃ العلوم، واسکو، گوا کے زیر اہتمام عمل میں آئی ہے۔ تقریب کی صدارت جناب محمد عبدالقادر فیصل، سینئر جرنلسٹ و ریاستی نائب صدر تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس نے کی۔ اس موقع پر حضرت حکیم عمر بن احمد، المعروف حبیب فیض علی شاہ عرفانی بندہ نوازی، سجادہ نشین بارگاہِ عرفانی، مولانا الحاج محمد کریم الدین شاہ غوثوی صدر مرکزی اہلِ سنت والجماعت ضلع سنگاریڈی، اور جناب ایم جی انور امیر مقامی جماعتِ اسلامی سنگاریڈی مشرق نے بحیثیت مہمانانِ خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ مولانا شاہ محمد مبین احمد صدر الحیرا اکیڈمی سنگاریڈی نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔