منشیات ریاکٹ ، کسٹم آفیسر سمیت 10 گرفتار

   

ممبئی : نوی ممبئی پولیس کی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے منشیات کے ایک منظم ریاکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک کسٹم افسر اور دو پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس نے ملزمین کے قبضے سے مجموعی طور پر 73 لاکھ روپے مالیت کی منشیات اور دیگر املاک ضبط کی ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس سنڈیکیٹ کے پس پشت بیرون ملک مقیم چکھر بھائی کا ہاتھ ہو سکتا ہے ۔ چہارشنبہ کو کرائم برانچ نئی ممبئی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس امیت کالے نے بتایا کہ 14 اپریل کو ایک خفیہ اطلاع پر نیرول پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے 22 سالہ آشیش گاوارے اور 23 سالہ احمد الگی کو 2.76 لاکھ روپے مالیت کی 17.19 گرام منشیات کے ساتھ گرفتار کیا۔ ان سے تفتیش کے بعد 28 سالہ سجیت بنگیرا کی گرفتاری عمل میں آئی، جس پر الزام ہے کہ وہ امریکہ یا تھائی لینڈ سے منشیات منگواتا تھا۔ اس نے کسٹم افسر پرشانت گوڑ کی مدد سے ایئرپورٹ پر پارسل کلیئر کرایا، جس پر پولیس نے بعد ازاں پرشانت گوڑ کو بھی حراست میں لے لیا۔ مزید تفتیش میں معلوم ہوا کہ 56 سالہ کمل چندوانی بیرون ملک سے منشیات حاصل کر کے سوجیت بنگیرا کو سپلائی کرتا تھا۔ چندوانی بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چندوانی جعلی پولیس شناختی کارڈ کا استعمال کر کے تفتیشی اداروں کو دھوکہ دیتا تھا۔