منشیات منتقل کرنے والی بین ریاستی ٹولی بے نقاب

   

ہیروئین اور دیگر اشیاء ضبط ، اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر کی کارروائی
حیدرآباد /28 جولائی ( سیاست نیوز ) اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے ایک بین ریاستی منشیات منتقل کرنے والی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 40 گرام ہیروئین اور 100 گرام اوہیم میٹریل کو ضبط کرلیا ۔ ایس او ٹی ایل بی نگر پولیس نے سرور نگر پولیس کے ساتھ کیگئی کارروائی میں 48 سالہ پونم رام بشنوئی اور 29 سالہ دنیش کمار ساکنان بیرم گوڑہ متوطن راجستھان کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ دھوما رام ساکن جالور ضلع راجستھان مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 20 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ پونم رام بشنوئی اور دنیش کمار نے سال 2017 میں حیدرآباد کا رخ کیا اور اسٹیل فیابریکیشن کے کام سے جڑ گئے ۔ جس کے بعد انہوں نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے غیر قانونی کاروبار کو شروع کیا ۔ راجستھان میں اپنے ہم وطنی سے منشیات کو خریدنا شروع کیا ۔ 5 تا 6 ہزار روپئے فی گرام منشیات کو خرید کر 8 تا 10 ہزار روپئے فی گرام حیدرآباد کے گراہکوں میں فروخت کر رہے تھے ۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا ۔ ع