منشیات کا ریاکٹ بے نقاب ، پانچ افراد گرفتار

   

نارکوٹیک انفورسمنٹ بیورو اور راجندر نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : نارکوٹیک انفورسمنٹ بیورو اور چندا نگر پولیس نے منشیات کے ایک بین ریاستی ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں منشیات کا استعمال کرنے والے گراہک بھی پائے جاتے ہیں ۔ پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 24 سالہ اکھیل ساکن گوا ، 21 سالہ سوریہ کشن ساکن ایسٹ گوداوری ، 19 سالہ روہن پال ساکن راجمندری 23 سالہ ، ٹی سریندر اور 23 سالہ ارون کمار ساکنان حبشی گوڑہ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 18 گرام ایم ڈی ایم اے ایک موٹر سیکل و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا جس کی کل مالیت 12 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ اکھیل جو کیرالا کا متوطن ہے گوا کی ایک ہوٹل میں بہ حیثیت منیجر کام کرتا ہے اور گراہکوں کو منشیات فراہم کرتا تھا ۔ گرفتار دیگر افراد اکثر گوا سیر و تفریح کے لیے جایا کرتے تھے اور اسی دوران ان کی ملاقات اکھیل سے ہوئی جو انہیں منشیات فراہم کرتا تھا ۔ انہوں نے اکھیل سے رابطہ قائم کرلیا اور منشیات کو گوا سے خرید کر شہر میں فروخت کرنا شروع کردیا ۔ اس سلسلہ میں اکھیل گوا سے منشیات لے کر سوریہ کشن و دیگر کو فروخت کرنے پہونچا اس دوران خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔۔ ع