سوشیل میڈیا میں کامیڈین کو حیدرآبادی عوام کی بھرپور تائید، کے ٹی آر سے رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کی اپیل
حیدرآباد ۔12۔اگست (سیاست نیوز) مشہور کامیڈین منور فاروقی کے پروگرام کی بی جے پی کی جانب سے مخالفت پر حیدرآبادی عوام نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ سوشیل میڈیا پر منور فاروقی کے شو کی تائید میں اور بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی مذمت میں عوام کی جانب سے شدید ردعمل ظاہر کیا جارہا ہے ۔ منور فاروقی نے 20 اگست کو حیدرآباد میں شو کا انسٹگرام پر اعلان کیا اور آن لائین ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہوا ہے۔ شو کے مقام کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔ ایسے میں بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے منور فاروقی کو دھمکی دی اور شو کے مقام کو نذر آتش کرنے کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیام میں کامیڈین کو مار پیٹ کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی کی دھمکیوں پر عوام کی جانب سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ ٹوئیٹر اور دیگر سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر عوام نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کو ٹیاگ کرتے ہوئے راجہ سنگھ کے خلاف کارروائی کی اپیل کی۔ کئی نوجوانوں نے راجہ سنگھ کی دھمکیوں کا حوالہ دیا اور کے ٹی آر سے کہا کہ آپ نے منور فاروقی کے شو کی تائید کی تھی ۔ لہذا اس معاملہ میں رکن اسمبلی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور شو کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔ ایک اور شخص نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ حیدرآباد پولیس امن و ضبط کی برقراری کی اہلیت رکھتی ہے، ایسے میں منور فاروقی کے شو میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے ۔ کئی نوجوانوں نے ویڈیو میسج کے ذریعہ ٹوئیٹر اور دیگر پلیٹ فارم پر راجہ سنگھ کی مذمت کی ہے۔ ر