منوگوڑ اسمبلی حلقہ کا ضمنی چناؤ نومبر میں متوقع

   

دسہرہ کے بعد اعلامیہ کی اجرائی کا امکان ، الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل
حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) منوگوڑ اسمبلی کا ضمنی چناؤ نومبر کے دوسرے ہفتہ میں ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی چناؤ کی تیاریوں کے سلسلہ میں الیکٹورل آفیسر اور دیگر حکام سے مشاورت کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی چناؤ کیلئے نومبر کے دوسرے ہفتہ میں کسی موزوں تاریخ کے انتخاب کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق دسہرہ تہوار کے بعد انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائیگا۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی چناؤ میں ای وی ایم مشینوں کے استعمال کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور ضمنی چناؤ کیلئے درکار مشینوں کی جانچ کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ گزشتہ ماہ سے الیکشن کمیشن نے ریاستی عہدیداروں کے ذریعہ ووٹر لسٹ اور پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی کا عمل جاری رکھا تھا۔ ضلع نلگنڈہ نے الیکشن کمیشن حکام کی موجودگی میں ای وی ایم مشینوں کو مہربند کرکے محفوظ کردیا۔ الیکشن کمیشن ہماچل پردیش اور گجرات اسمبلی انتخابات کے ساتھ منوگوڑ کا ضمنی چناؤ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں اعلامیہ جاری کیا جائیگا جبکہ نومبر کے دوسرے ہفتہ میں رائے دہی ہوگی۔ نلگنڈہ ضلع کے عہدیداروں نے الیکشن کمیشن کو تیاریوں کی تفصیل سے واقف کرایا ہے۔ واضح رہے کہ رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے استعفیٰ کے باعث ضمنی چناؤ ہورہا ہے۔ راج گوپال ریڈی 2018 ء میں کانگریس ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے لیکن 8 اگست کو انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ بی جے پی نے راج گوپال ریڈی کو امیدوار کے طورپر پیش کیا ہے جبکہ کانگریس نے اپنی نشست کو بچانے سابق وزیر آنجہانی پی گوردھن ریڈی کی دختر پی شراونتی کو میدان میں اتارا ہے۔ ٹی آر ایس نے ابھی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا ، حالانکہ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے انتخابی مہم شروع کردی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ منوگوڑ چناؤ کیلئے ٹی آر ایس میں کئی دعویدار ہیں، لہذا چیف منسٹر نے انتخابی اعلامیہ کی اجرائی تک امیدوار کا نام مخفی رکھنے کا فیصلہ کیا ۔ ر