چیف منسٹر کے سی آر کا اعلان ، پارٹی کے تمام سینئر قائدین کو متحدہ کام کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : حکمران ٹی آر ایس نے منوگوڑاسمبلی ضمنی انتخاب کیلئے سابق رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے ۔ ٹی آر ایس کی تشکیل سے بانی اراکین میں کے پربھاکر ریڈی کا شمار ہوتا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پارٹی کے مقامی قائدین ضلع اور حلقہ کے قائدین اور کارکنوں کی رائے اور سروے رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد انہیں امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 2014 عام انتخابات میں وہ اسمبلی حلقہ منوگوڑسے ٹی آر ایس ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے جب کہ 2018 میں انہیں شکست ہوئی تھی تب سے وہ حلقہ انچارج کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن نے آج حلقہ منوگوڑکے ضمنی انتخاب کیلئے اعلامیہ جاری کردیا ہے اور آج سے ہی پرچہ نامزدگیاں قبول کرنے کا آغاز ہوگیا ہے ۔ 14 اکٹوبر تک پرچہ نامزدگیاں قبول کی جائیں گی ۔ 15 اکٹوبر کو پرچہ نامزدگیوں کی تنقیح ہوگی ۔ 17 اکٹوبر تک پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے ۔ 3 نومبر کو رائے دہی اور 6 نومبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے متحدہ ضلع نلگنڈہ کی نمائندگی کرنے والے پارٹی قائدین بالخصوص سابق رکن پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ اور سابق رکن کونسل کے پربھاکر کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کے لیے متحدہ طور پر کام کریں ۔ واضح رہے کہ یہ دونوں قائدین بھی ٹکٹ کے دعویدار تھے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔ پارٹی قائدین کو مستقبل میں مزید اور بھی موقع دستیاب ہوں گے ۔ لہذا تمام قائدین متحد ہو کر کے پربھاکر ریڈی کی کامیابی کے لیے کام کریں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پارٹی امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو بی فارم کے ساتھ انتخابی مہم چلانے کے لیے 40 لاکھ روپئے کا چیک بھی حوالے کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی ۔ ارکان قانون ساز کونسل کے رویندر راؤ ، پی راجیشور ریڈی ، ارکان اسمبلی جیون ریڈی ، جی بالا جی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ ن