منوگوڑ میں 93.13 فیصد پولنگ ، گزشتہ کے مقابلہ 1.83 فیصد اضافی

   

ایک بوتھ پر 98.21 فیصد ووٹ ڈالے گئے ، اتوار کی صبح 8 بجے سے رائے شماری
حیدرآباد ۔4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں 93.13 فیصد ریکارڈ پولنگ درج کی گئی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے آج صبح ووٹنگ کا قطعی فیصد جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بعض پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہندوں کی کثیر تعداد جمع ہونے کے باعث شام 6.00 بجے کے بعد بھی رائے دہی کا سلسلہ جاری رہا ۔ انہوں نے بتایا کہ منوگوڑ میں جملہ رائے دہندے 241805 ہیں جن میں سے 225192 رائے دہندوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ 686 پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ رائے دہی ہوئی۔ وکاس راج کے مطابق رات 1.30 بجے آخری الیکٹرانک ووٹنگ مشین اسٹرانگ روم پہنچا اور اسٹرانگ روم کو آج صبح 4.40 بجے مہربند کیا گیا۔ ضمنی چناؤ میں جملہ 47 امیدوار میدان میں ہیں اور ووٹوں کی گنتی 6 نومبر کو مقرر ہے۔ اتوار کو صبح 8.00 بجے رائے شماری کا آغاز ہوگا جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو نلگنڈہ میں قائم کردہ اسٹرانگ روم منتقل کیا گیا ہے۔ رائے شماری کے سلسلہ میں عہدیدار ایک دن قبل کاؤنٹنگ سنٹرس پہنچ جائیں گے ۔ توقع ہے کہ دوپہر 12.00 بجے تک نتیجہ کا اعلان کردیا جائے گا۔ حلقہ کے 298 پولنگ اسٹیشنوں میں جکلا واری گوڑم پولنگ اسٹیشن پر سب سے زیادہ 98.21 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی جبکہ بھیمنا پلی پولنگ اسٹیشن پر سب سے کم 82.62 فیصد رائے دہی ہوئی۔ انتم پیٹ میں جہاں دوپہر تک عوام نے رائے دہی کا بائیکاٹ کیا تھا، 88.67 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات کے مقابلہ اس مرتبہ 1.83 فیصد زائد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ 2018 الیکشن میں منوگوڑ میں 91.30 فیصد رائے دہی ہوئی تھی۔ حلقہ کے 298 پولنگ اسٹیشنوں میں 26 اسٹیشن ایسے ہیں جہاں 90 فیصد سے کم رائے دہی ہوئی۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی حفاظت کیلئے تین مرحلوں میں سیکوریٹی انتظامات کئے گئے اور پیرا ملٹری فورسس کو تعینات کیا گیا۔ ر