بنگلورو : منگلورو میں کل ایک آٹو رکشا میں دھماکہ کے بعد آگ لگ گئی۔ اس حادثہ میں ڈرائیور اور ایک پاسنجر زخمی ہوگیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ دھماکہ کے بعد آٹو رکشا میں آگ لگ گئی۔ سٹی پولیس کمشنر کے مطابق پاسنجر کے پاس ایک بیاگ تھا جس میں آگ لگ گئی۔ پولیس کو حادثہ کے مقام سے ایک موبائل اور آدھار کارڈ برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے دہشت گردی کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ پولیس نے شارق نامی نوجوان کو اس سلسلہ میں گرفتار کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہیکہ آٹو رکشا کا مسافر شارق اپنے ساتھ دھماکو آلہ لے جارہا تھا جس کا مقصد سنگین نقصان پہنچا نا تھا۔ شارق کے پاس سے آدھار کارڈ بھی ملا ہے جو اس کا نہیں ہے بلکہ یہ کارڈ پریم راج کا ہے جو کرناٹک کے ہبلی ضلع کا رہنے والا ہے۔ بتایا گیا ہیکہ اس کا کارڈ گم ہوگیا تھا اور اس نے ڈبلیکیٹ کارڈ حاصل کرلیا تھا۔ پولیس اس واقعہ کی ہر زاویہ سے تحقیقات کررہی ہے اور حالیہ کوئمبتور دھماکہ سے بھی اس کے تار جڑے ہونے کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جارہا ہے۔