منگوڑ حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی حکمت عملی

   


کسی بھی صورت میں کامیابی حاصل کرنے کوشاں، ارکان اسمبلی و کونسل اور صدورنشین کو ہدایت

حیدرآباد۔5 ۔ستمبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی بہر صورت منگوڑ حلقہ اسمبلی کے مجوزہ ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی حکمت عملی کی تیاری میں مصروف ہے اور کہا جا رہاہے کہ سربراہ ٹی آر ایس و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس سلسلہ میں اپنے قریبی رفقاء سے مشاورت کرتے ہوئے منگوڑ کے زمینی حقائق سے آگہی حاصل کی ہے ۔ انہو ںنے اپنی پارٹی کے تمام قائدین بشمول وزراء ‘ ارکان قانون ساز کونسل اور ارکان اسمبلی کے علاوہ صدورنشین کو ہدایت دی کہ وہ حلقہ اسمبلی منگوڑ کے انتخابات کو غیر اہم تصور کرنے کی غلطی نہ کریں۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر حلقہ اسمبلی منگوڑ کی ذمہ داریوں کو قبول کرنے کے سلسلہ میں فیصلہ کرسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ضمنی انتخابات میں منگوڑ سے تلنگانہ راشٹر سمیتی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے حلقہ اسمبلی منگوڑ کی تمام ذمہ داریوں کو قبول کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اور آئندہ چند یوم کے دوران اس سلسلہ میں وہ اپنے فیصلہ کا اعلان کریں گے۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے اراکین مقننہ کے اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے منگوڑ حلقہ اسمبلی کی روداد اور مختلف سروے میں ٹی آر ایس کو برتری کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کروانے کے دوران کہا کہ اگر تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے حلقہ اسمبلی منگوڑ پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے تو اس حلقہ سے ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنایاجاسکتا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کے چندر شیکھر راؤ نے حلقہ اسمبلی منگوڑ سے ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے حلقہ اسمبلی کی ذمہ داریوں کو قبول کرنے پر غور کرنا شروع کردیا ہے اور وہ آئندہ جلسہ عام کے دوران اس بات کا اعلان کرسکتے ہیں کہ وہ حلقہ اسمبلی منگوڑ کی ذمہ داریاں خود لینے کے لئے تیار ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے اگر حلقہ اسمبلی منگوڑ کی ذمہ داریوں کو قبول کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں حلقہ اسمبلی منگوڑ کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کے دور ہونے کے علاوہ چیف منسٹر کے حلقہ کے طرز پر اس حلقہ اسمبلی کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے گا اسی لئے چیف منسٹر کی جانب سے اس حلقہ کے ترقیاتی امور کو اپنی ذمہ داریوں میں شامل کرنے کی حکمت عملی اختیار کئے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔ٹی آر ایس نے اپنے تمام ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل کو حلقہ اسمبلی منگوڑ کی ذمہ داری تفویض کی ہے اور ہر موضع کے لئے پارٹی کی جانب سے 2ارکان اسمبلی یا قانون ساز کونسل کو عوام کے درمیان رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔م