پانچ رکنی کمیٹی کی تشکیل،امکانی امیدوار کی تلاش
حیدرآباد۔/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے منگوڑ کے رکن اسمبلی راجگوپال ریڈی کے استعفی کے بعد دیگر قائدین کے استعفی سے متعلق اطلاعات پر چوکسی اختیار کرلی ہے۔ میڈیا کے مختلف گوشوں میں یہ اطلاعات گشت کررہی ہیں کہ ٹی آر ایس اور کانگریس کے کئی قائدین بی جے پی قیادت سے ربط میں ہیں۔ کانگریس ہائی کمان نے راجگوپال ریڈی کو 3 اگسٹ تک کی مہلت دی تھی اور پارٹی سے معطلی کے فیصلہ سے قبل انہوں نے استعفی کا اعلان کردیا۔ راجگوپال ریڈی کے استعفی کے ساتھ ہی منگوڑ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کے امکانی امیدواروں کے ناموں پر قیاس آرائیاں شروع ہوچکی ہیں۔ ہائی کمان نے اگرچہ رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کو مقابلہ کا مشورہ دیا ہے لیکن وہ اپنے سگے بھائی سے مقابلہ کیلئے تیار دکھائی نہیں دیتے۔ ایسے میں سابق وزیر پی گوردھن ریڈی کی دختر پی شرونتی کا نام پارٹی حلقوں میں لیا جارہا ہے۔ 5 اگسٹ کو منگوڑ میں کانگریس کے جلسہ عام کے بعد امیدوار کے بارے میں صورتحال واضح ہوگی۔ اسی دوران کانگریس پارٹی نے اپنے تمام سینئر قائدین کو راجگوپال ریڈی کے الزامات کا جواب دینے کیلئے پابند کیا ہے۔ پارٹی نے منگوڑ اسمبلی حلقہ کے لئے انتخابی حکمت عملی طئے کرنے مدھو یاشکی گوڑ کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں آر دامودر ریڈی، بلرام نائیک، شریمتی ڈی انوسیا ( سیتکا ) ایم ایل اے ، انجن کمار یادو، اے سمپت کمار اور ای انیل کمار شامل ہیں۔ر