منیش سسوڈیا کی درخواست ضمانت پر عدالت نے سی بی آئی اور ای ڈی سے جواب طلب کیا

   

نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے جمعہ کو عام آدمی پارٹی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسوڈیا کی عبوری ضمانت کی درخواست پر ای ڈی اور سی بی آئی سے جواب طلب کیا ہے۔ سسوڈیا نے لوک سبھا انتخابات میں تشہیر کرنے کے لیے عبوری ضمانت کی درخواست کی ہے۔راؤس ایونیو کورٹ کی جج کاویری باویجا نے معاملہ کی آئندہ سماعت 20 اپریل کو مقرر کی ہے۔ جج باویجا نے بدھ کو کہا تھا کہ وہ شراب پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں سسوڈیا کی درخواست ضمانت پر 15 اپریل کو سماعت کریں گی۔عدالت نے سسوڈیا کے دلائل سنے، جنہوں نے کہا کہ تفتیشی ایجنسی دہلی عدالت اور سپریم کورٹ کے سامنے اپنی ماضی میں پیش کی گئی دلیلوں کو ہی دہرا رہی ہیں۔معاملہ میں عآپ لیڈر کی عدالت حراست میں 18 اپریل تک توسیع کر دی گئی تھی۔ گزشتہ سماعت کے دوران ای ڈی نے کہا تھا کہ سسوڈیا اور دیگر ملزمان کی وجہ سے معاملہ کی سماعت میں تاخیر ہو رہی ہے۔خیال رہے کہ ای ڈی اور سی بی آئی دونوں ہی شراب گھوٹالہ میں سسودیا کے کردار کی تفتیش کر رہی ہیں۔ سسودیا کو گزشتہ سال فروری میں گرفتار کیا گیا تھا۔