منی پور میں ایک ماہ بعد بھی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری

   

امپھال : منی پور میں اکثریتی ہندو میئتی اور عیسائی قبائلیوں کے مابین جاری تشدد میں اب تک تقریباً سو افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔ منگل کی صبح ایک اور نیم فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ فوج نے منگل 6 جون کو ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ سکیوریٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کے درمیان 5 اور 6 جون کے درمیان پوری رات رک رک کر فائرنگ ہوتی رہی۔ سکیورٹی فورسز نے حملہ کا مؤثر طور پر جواب دیا۔ سرچ آپریشن جاری ہیں۔‘‘ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ فائرنگ کے اس واقعہ میں نیم فوجی دستے بارڈر سکیورٹی فورسز کا ایک جوان ہلاک اور آسام رائفلز کے دو جوان زخمی ہو گئے۔ ادھر پولیس نے بتایا کہ پیر کے روز امپھال ضلع میں دو مسلح گروپوں کے درمیان تصادم میں بھی کم از کم 3 افراد ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہو گئے۔