منی پور میں بی جے پی امیدواروں کا اعلان ،استعفیٰ اور احتجاج شروع ، چیف منسٹر اور مودی کے پتلے نذرآتش

   

امپھال : منی پور میں اسمبلی الیکشن کیلئے بی جے پی کے امیدواروں کے اعلان کے ساتھ ہی ناراض قائدین اور ان کے حامیوں کی جانب سے مرکزی اور ریاستی قائدین کے پتلے نذرآتش کئے گئے۔ بیانرس اور پوسٹرس کو بھی پھاڑ دیا گیا۔ پارٹی قیادت کے خلاف زبردست نعرے لگائے گئے۔ جن قائدین کے پتلے نذرآتش کئے گئے ان میں مودی اور چیف منسٹر بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق دارالحکومت امپھال کے بشمول ریاست کے کئی حصوں میں بی جے پی کے دفاتر میں زبردست توڑپھوڑ کی گئی۔ بی جے پی نے 60 رکنی اسمبلی کیلئے اپنے امیدواروں کا آج اعلان کیا جہاں 27 فروری اور 3 مارچ کو الیکشن ہوگا۔ ٹکٹ نہ ملنے پر ایل سنجے سنگھ اور تھنگ جام ارون کمار نے استعفیٰ دیدیا۔ حالیہ عرصہ میں 16 کانگریس قائدین نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی جن میں کم از کم 10 کو بی جے پی نے ٹکٹ دیا ہے۔