منی پور میں حالات پھر کشیدہ، پولیس فائرنگ سے دو افراد ہلاک

   

امپھال : منی پور میں صورتحال پھر کشیدہ ہوگئی، مشتعل ہجوم نے گزشتہ روز ضلع چورا چاند پور میں پولیس چیف اور ضلعی انتظامیہ کے دفاتر پر حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق ہجوم نے گاڑیاں جلا دیں، ڈپٹی کمشنر کی سرکاری رہائش گاہ کو بھی نذر آتش کر دیا۔ پولیس کی فائرنگ میں دو افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ پرتشدد واقعات کے بعد ضلع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ 5 دنوں کیلئے معطل کردی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ عسکریت پسندوں کے ساتھ کام کرنے کے الزام پر کوکی قبائل کے ایک کانسٹیبل کو ہٹانے پر علاقہ میں صورتحال کشیدہ ہوئی۔ واضح رہے کہ منی پور میں مئی 2023 سے کوکی اور میتی قبائل کے درمیان جھڑپوں میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔