منی پور میں 40 عسکریت پسند ہلاک ، کئی گرفتار:چیف منسٹر

,

   

AK47 جیسے ہتھیاروں کے استعمال کا الزام، 31 مئی تک انٹرنیٹ بند ، آج سے امیت شاہ کا دورہ

نئی دہلی: منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ نے اتوار کو کہا کہ گھروں کو نذر آتش کرنے اور شہریوں پر فائرنگ کرنے میں ملوث تقریباً 40 مسلح عسکریت پسندوں کو سیکوریٹی فورسز نے ہلاک کر دیا ہے جب سے انہوں نے نسلی فسادات سے متاثرہ شمال مشرقی ریاست میں امن قائم کرنے کیلئے آپریشن شروع کیا ہے۔بیرن سنگھ کا یہ بیان اتوار کو منی پور میں نصف درجن سے زیادہ مقامات پر مسلح گروپوں اور سیکوریٹی فورسز کے درمیان ہونے والی تازہ جھڑپوں کے پس منظر میں آیا ہے۔ پولیس نے کئی مسلح عسکریت پسند کو گرفتار بھی کیا ہے۔ یہ باغی شہریوں کے خلاف M16 اور AK47 اسالٹ رائفلز اور سنائپر گنز کا استعمال کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ریاستی سکریٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ تنازعہ کا تازہ ترین دور برادریوں کے درمیان نہیں بلکہ کوکی عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہے۔ ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں نے اتوار کی صبح 2 بجے کے قریب وادی امپھال اور اس کے آس پاس کے 5 علاقوں سیکمائی، سوگنو، کمبی، پھینگ اور سراؤ میں حملہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ وہ عام لوگوں پر حملہ کررہے ہیں۔ اس کے بعد سیکوریٹی فورسز کی کارروائی میں اب تک 40 دہشت گرد مارے گئے۔ کئی دیگر علاقوں میں سڑکوں پر فائرنگ اور لاوارث نعشیں پڑی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ریاست میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے یہاں فوج اور نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں 31 مئی تک انٹرنیٹ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ کئی اضلاع میں کرفیو بدستور جاری ہے۔ وزیرداخلہ امیت شاہ 29 مئی سے ریاست کے تین روزہ دورے پر ہوں گے۔ منی پور میں ریزرویشن کو لیکر کوکی اور میتی کمیونٹی کے لوگوں کے درمیان 3 مئی سے ذات پات پر تشدد جاری ہے۔ پرتشدد واقعات میں اب تک 75 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ شرپسندوں نے سینکڑوں مکانات کو نذر آتش کر دیا۔ 40 ہزار سے زائد لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے جمعرات سے اور ہفتہ سے آرمی چیف جنرل منوج پانڈے تشدد سے متاثرہ منی پور کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ امیت شاہ بھی پیر سے 3 روزہ دورے پر منی پور جائیں گے۔ وہ کوکی اور میٹی کمیونٹیز کی تنظیموں سے ملاقات کریں گے۔