حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے پارٹی قائدین کے رویہ پر برہمی کا اظہار کیا ۔ نامپلی بی جے پی آفس میں پارٹی کے اہم قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر کشن ریڈی نے کہا کہ قائدین اپنی مرضی کے مطابق پریس کانفرنس رکھتے ہوئے من مانی بیانات جاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ریاستی دفتر میں قائدین کو من مانی بیانات کے بجائے پارٹی کے موقف کے مطابق اظہار خیال کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی لائین کے برخلاف بیانات دینے والے قائدین کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے قائدین کو انتباہ دیا کہ وہ پارٹی دفتر میں اظہار خیال کے دوران احتیاط کریں۔ انہوں نے کہا کہ شخصی ایجنڈہ کو پارٹی دفتر میں پیش کرنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف پارٹی ایجنڈہ پریس کانفرنس میں پیش کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ قائدین پارٹی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف ریمارکس کر رہے ہیں۔1
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے امیج کو متاثر کرنے کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ مسائل کے سلسلہ میں پارٹی دفتر سے رجوع ہونے والے افراد کو اولین ترجیح دی جائے اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے ۔1