مواضعات کو سرسبز و شاداب بنانے پر زور

   

میکے مائیڈیپلی میں ہریتا ہرم، وزیر کے ایشور و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے انترگام منڈل میکے مائیڈیپلی کے سنگرینی اوپن کاسٹ کے زیر اہتمام جمعرات کو منعقدہ ہریتا ہرم پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے شجرکاری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مقامی زیڈ پی چیرمین، کلکٹر اور عوامی نمائندے بھی شریک تھے۔ اس موقع پر کے ایشور نے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا ادعا کیا کہ سابق متحدہ آندھرا پردیش میں 40 لاکھ پودے لگائے گئے تھے لیکن قیام تلنگانہ کے بعد سے تاحال 150 کروڑ پودے لگائے ہیں۔دوران خطاب انہوں نے مقامی عوام پر زور دیا کہ وہ ہریتا ہرم پروگرام میں کثیر تعداد میں حصہ لیں اور شجرکاری کے ذریعہ اپنے موضع کو سرسبز و شاداب بنائیں جبکہ زیڈ پی چیرمین پوٹا مدھو نے مقامی افراد سے خواہش کی کہ وہ اپنے اپنے مواضعات میں جنگلات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں۔ ضلع کلکٹر بھارتی ہولیکیری نے کہا کہ پودوں کی دیکھ بھال کو قانونی شکل دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم پودوں سے کس حد تک لگاؤ رکھتے ہیں۔ انہوں نے سرسبز و شادابی کی برقراری میں کوتاہی نہ کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اس پروگرام میں شرکت کرنے والوں میں رام گنڈم کے رکن اسمبلی کے چندر، میئر رام گنڈم انیل کمار، سنگارینی آر جی ایم نارائن، انترگام زیڈ پی ٹی سی ایم نارائن، پالکرتی زیڈ پی ٹی سی کندولہ سندھیا رانی اور دیگر موجود تھے۔