مواضعات کے عوام کو کورونا سے بچاؤ کے لیے حیدرآباد نہ جانے کا مشورہ

   

شہر جانے پر واپس آنے نہیں دیا جائے گا ، ڈھنڈورا پیٹ کر انتباہ
حیدرآباد۔ ریاست کے اضلاع بالخصوص قریوں اور دیہی علاقوں کے علاوہ مواضعات جہاں آج بھی ڈھنڈورا پیٹ کر لوگوں کو اطلاعات فراہم کرنے اور انہیں متنبہ کرنے کا رواج عام ہے ان علاقوں میں حیدرآباد جانے والوں کو متنبہ کیا جا رہا ہے اور کہا جار ہاہے کہ حیدرآباد جانے سے گریز کیا جائے اور اگر حیدرآباد جاتے ہیں تو انہیں گاؤں میں واپس آنے نہیں دیا جائے گا۔ شہر حیدرآباد کے اطراف موجود قریوں اور گاؤں میں جہاں سے عید الاضحی کے موقع پر بکرے کاٹنے کے لئے قصاب آیا کرتے تھے یہ اعلانات ان کی آمد پر کافی اثر انداز ہوسکتے ہیں کیونکہ دو یا تین یوم کے لئے شہر حیدرآباد میں رہتے ہوئے بکرے کاٹنے اور چھیلنے کا کام انجام دینے والے ان دیہاتیوں کی آمد پر اثر پڑنے کے قوی امکانات ہیں کیونکہ انہیں تین دن بعد اپنے گاؤں واپس ہونا ہوتا ہے اسی لئے وہ گاؤں سے نکلنے سے ہی گریز کریں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست کے کئی اضلاع میں موجود چھوٹے چھوٹے گاؤں اور بالخصوص قبائیلی تانڈوں میں یہ اعلانات گاؤں کے ذمہ داروں کی جانب سے کروائے جانے لگے ہیں اور کہا جارہاہے کہ ان اعلانات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گاؤں میں دوبارہ داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ عید الاضحی کے موقع پر شہر میں کی جانے والی قربانیوں میں 70 فیصد سے زائد بکروں کو چھیلنے اور ان کی صفائی کا کام انجام دینے والوں کا تعلق شہر کے نواحی علاقوں اور پڑوسی اضلاع کے مواضعات سے تعلق رکھنے والوں کا ہوتا ہے اور اب جبکہ عید الاضحی قریب ہے تو ایسی صورت میں موضعات میں اس طرح کے اعلانات کے اثرات شہر میں عید الاضحی پر مرتب ہونے کے خدشات پائے جانے لگے ہیں۔ گاؤں اور مواضعات میں کئے جانے والے ان اعلانات کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ گاؤں کے ذمہ دار اپنے علاقہ کو رونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے یہ اعلانات کروا رہے ہیں اور ان اعلانات کا مقصد عوام میں شعور اجاگر کرتے ہوئے انہیں ان مقامات پر جانے سے روکنا ہے جن مقامات پر وباء پھیلی ہوئی ہے۔ دیہی علاقوں میں ڈھنڈورا پیٹ کر کئے جانے والے ان اعلانات کے ویڈیو اب سوشل میڈیا پر بھی گشت کرنے لگے ہیں تاکہ اس پیغام کو عام کیا جاسکے۔