موبائل فون سرقہ کے الزام میں سارقین گرفتار

   

حیدرآباد /22 فروری ( سیاست نیوز ) رین بازار پولیس نے موبائل فون کے سرقہ میں ملوث تین سارقین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 90 ہزار مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ پولیس کے بموجب 24 سالہ عرفانہ بیگم ساکن تالاب کٹہ نے ان کے مکان میں سرقہ کی شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ خفیہ اطلاع ملنے پر محمد ساجد ، محمد عمران اور شیخ ریاض کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لیا اور ان کی تفتیش کی گئی ۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو یہ معلوم ہوا کہ مذکورہ سارقین نے پرانے شہر کے بعض مکانات میں سرقے کئے ہیں ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 7 موبائل فونس اور طلائی زیورات برآمد کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کیا اور بعد ازاں جیل منتقل کردیا ۔