موبائل فون کی رہزنی میں ملوث دو رہزن گرفتار

   


حیدرآباد : /30 ڈسمبر (سیاست نیوز) موبائیل فون کی رہزنی کی وارداتوں میں ملوث دو رہزنوں کو ہمایوں نگر پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر جی شیواماروتی نے بتایا کہ 28 سالہ سید غیاث ساکن علی آباد شاہ علی بنڈہ اور اس کا ساتھی 28 سالہ محمد مظفر متوطن گلبرگہ کرناٹک شہر کے مختلف مقامات پر عوام کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے موبائیل فون کی رہزنی کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہزن شہر کے مختلف مقامات پر راہ چلتے افراد کو نشانہ بناتے ہوئے موٹر سائیکل پر سوار ہوکر موبائیل فون چھین کر فرار ہوجایا کرتے تھے ۔ اسی طرح ہمایوں نگر علاقہ میں بھی محمد حبیب نامی ڈرائیور کا /24 ڈسمبر کو موبائیل فون کا سرقہ کرلیا تھا اور اس سلسلہ میں پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے رہزنوں کی موٹر سائیکل کا پتہ لگایا گیا اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ رہزن 2013 ء سے رہزنی اور سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ ان کے قبضہ سے 21 مسروقہ موبائیل فون ، دو خنجر اور تین موٹر سائیکلیں جن کی مالیت 5 لاکھ بتائی جاتی ہے برآمد کرلی ۔ گرفتار ملزمین کو عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ۔ ب