مودی جھوٹے خواب دکھا کر ٹھگی کا کاروبار کر رہے ہیں:راہول

   

نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی پر راست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹ بولتے ہیں اور اہل وطنوں کوجھوٹے خواب دکھا کر ووٹوں کے لیے ٹھگی کا کاروبار کر رہے ہیں۔راہول گاندھی نے کہا کہ آج نریندر مودی ملک کے لوگوں کو گمراہ کرنے کے لئے گارنٹی کی بات کرتے ہیں لیکن سچائی یہ ہے کہ انہوں نے پہلے جتنی بھی گارنٹیوں کی بات کی تھی وہ سب جھوٹ ثابت ہوئیں اور ان میں سے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔انہوں نے کہا ‘‘مودی جی، ‘‘نئی گارنٹیوں’’ سے پہلے ‘‘پرانی گارنٹیوں ’’ کا حساب کرو۔ دس سال سے جھوٹے خوابوں کی خوردبین بنا کر گھومنے والے وزیراعظم ملک میں ٹھگی کا کاروبار کررہے ہیں۔ بی جے پی حکومت کا مطلب جھوٹ اور ناانصافی کی ضمانت ہے ، کانگریس ملک کے خوابوں کے ساتھ انصاف کرے گی۔وزیر اعظم پر اپنے وعدوں کو پورا نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ انہوں نے جو بھی گارنٹی دی وہ جھوٹ ثابت ہوئی ہے ۔ اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے ، راہول گاندھی نے کہا ‘‘ہر سال دو کروڑ نوکریوں کی گارنٹی ۔ جھوٹ، کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کی گارنٹی ۔ جھوٹ، کالا دھن واپس لانے کی گارنٹی – جھوٹ، مہنگائی کو کم کرنے کی گارنٹی – جھوٹ، ہر کھاتے میں 15 لاکھ روپے کی گارنٹی جھوٹ، خواتین کی حفاظت اور عزت کی گارنٹی – جھوٹ، 100 اسمارٹ سٹی بنانے کی گارنٹی – جھوٹ، روپیہ مضبوط کرنے کی گارنٹی – جھوٹ، چین کو سرخ آنکھ دکھانے کی گارنٹی – جھوٹ، نہ کھاؤں گا، نہ کھانے دوں گا گارنٹی – جھوٹ۔