مودی جی! کان کھلے رکھیں، پلوامہ دھماکے کی آواز کیوں سنائی نہیں دی؟

,

   

نئی دہلی ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) پلوامہ، اُری اور چہارشنبہ کو نکسلائٹس کی جانب سے دھماکہ جیسے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کے ریمارکس پر سخت نکتہ چینی کی کہ 2014ء سے ہندوستان

میں دھماکوں کی آوازیں نہیں سنی گئی ہیں، اور کہا کہ پی ایم کو اپنے کان کھلے رکھتے ہوئے آوازیں سننا چاہئے۔ وزیراعظم کے بارے میں صدر کانگریس کا شدید تبصرہ اس واقعہ کے بعد سامنے آیا جس میں کم از کم 16 افراد بشمول 15 سکیورٹی پرسونل مہاراشٹرا کے ضلع گڈچرولی میں نکسلائٹس کے آئی ای ڈی دھماکہ میں ہلاک ہوگئے۔ راہول نے کہا کہ پی ایم کا کہنا ہے کہ 2014ء سے انڈیا میں دھماکوں کی آوازیں نہیں سنی گئیں۔ پلوامہ، پٹھان کوٹ، اُری، گڈچرولی … اور 942 دیگر دھماکے 2014ء سے پیش آئے ہیں۔ پی ایم کو اپنے کان کھلے رکھ کر آوازیں سننا چاہئے! گزشتہ ہفتے کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے پھر ایک بار کہا ہے کہ اُن کی پانچ سالہ میعاد کے دوران بم دھماکے نہیں ہوئے ہیں۔ چدمبرم نے ٹوئٹ میں سوال کیا تھا کہ آیا یہ (تبصرہ) یادداشت کھوجانے کے سبب ہے یا عادت سے مجبور کی وجہ سے ہے؟ انھوں نے موہرہ، دنتیواڑہ، پلامو، اورنگ آباد، کوراپوٹ، سکما، اواپلی، چھتیس گڑھ میں پیش آئے دھماکوں کی فہرست بھی پیش کی اور کہا کہ کیا کوئی ہے جو برائے مہربانی پی ایم کو یہ پڑھ کر سنائے، جو ملک میں پیش آئے بم دھماکوں کی جزوی فہرست ہے۔

مودی کو ایک اور الیکشن کلین چٹ
نئی دہلی ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے آج یہ نتیجہ اخذ کیا کہ گزشتہ ماہ لاتور میں وزیراعظم نریندر مودی کی تقریر میں کچھ قباحت نہیں۔ مودی نے نئے ووٹروں سے اپیل کی تھی کہ اپنے ووٹ بالاکورٹ فضائی حملہ کے ہیروز اور پلوامہ حملہ کے مہلوک جوانوں کے نام وقف کریں۔ کمیشن نے کہا کہ انتخابی مہم میں مسلح افواج کے حوالہ سے متعلق ہدایات کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔