’مودی جی! 70 برسوں کی رٹ چھوڑ کر اصل مسائل پر بات کیجئے‘

,

   

عوام کو کب تک گمراہ کرتے رہیں گے: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی

لکھنو: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بے روزگاری کی وجہ سے نوجوانوں کی خودکشی کے معاملے میں گذشتہ 6 سالوں میں اضافے کا انکشاف کرنے والی ایک میڈیا رپورٹ کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا ہے کہ ملک کے نوجوانوں کو دشواریوں کا سامنا ہے، آخر کب تک اصل مسائل سے عوام کو بھٹکایا جائے گا؟پرینکا گاندھی نے جس میڈیا رپورٹ پر رد عمل ظاہر کیا ہے اس کے مطابق بے روزگاری کی وجہ سے نوجوانوں کے خودکشی کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں اس کے اعداد و شمار بھی پیش کئے گئے ہیں۔ ٹوئٹ میں پرینکا گاندھی نے رپورٹ کے حوالہ سے کہا کہ گذشتہ 6 سالوں میں بے روزگاری سے خود کشی کرنے والوں کی تعداد میں 60 فیصدی اضافہ ہوا ہے۔ سال 2018 سے 2020 کے درمیان بے روزگاری کی وجہ سے ہر مہینے اوسطاً 12 لوگوں نے خودکشی کی ہے۔پرینکا گاندھی نے لکھا، ’’مودی جی 70 سالوں کی رٹ چھوڑ کر اصل مسائل پر بات کیجئے۔ نوجوان تکلیف میں ہیں۔ کب تک اصل مسائل سے بھٹکائیں گے۔‘‘ادھر، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے بھی اس رپورٹ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بے روزگار کی وجہ سے خودکشی کے معاملے میں اضافہ پر تشویش ظاہر کی ہے۔ مایاوتی نے بی جے پی کو نصیحت کی کہ وہ ملکی مفاد میں تنگ نظری کو ترک کر دے اور حقیقت سے روگردانی نہ کرے۔بعد ازاں پرینکا گاندھی نے پنجاب میں بھی انتخابی ریالی سے خطاب کیا اور عام آدمی پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ پنجاب میں /20 فبروری کو انتخابات ہوں گے جس کے لئے برسراقتدار کانگریس کے علاوہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی میں سخت مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے بھگوت مان کو چیف منسٹر کے عہدہ کا امیدوار عوام کی رائے حاصل کرکے بنایا ہے ۔

آر ایس ایس سے پیدا ہوئی عام آدمی پارٹی
پرینکا گاندھی کا پنجاب میں انتخابی ریالی سے خطاب
چنڈی گڑھ: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے پنجاب کے کوٹ کپورہ میں عام آدمی پارٹی پر بڑا حملہ کیا ہے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کہاں سے ابھری ہے؟ وہ آر ایس ایس سے نکلی ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر خود کہتے ہیں کہ ہم بی جے پی سے بڑے بی جے پی ہیں۔کوٹ کپورہ میں ‘نوی سوچ، نوا پنجاب’ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے عام آدمی پارٹی پر سخت نشانہ لگایا ہے۔ کیجریوال حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی میں تعلیمی اور صحت کے اداروں کے نام پر کچھ نہیں ہے۔ سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کے بارے میں حقیقت جاننا ضروری ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ’’ہماری یہاں 5 سال سے حکومت ہے۔ یہ درست ہے کہ اس حکومت میں کچھ کوتاہیاں تھیں۔ بہت سے راستے میں بھٹک گئے۔ یہ حکومت پنجاب سے چلنا بند ہو گئی تھی۔ یہاں کی حکومت دہلی سے چل رہی تھی اور دہلی سے کانگریس نہیں بلکہ بی جے پی اسے چلا رہی تھی۔