مودی حکومت میں میک ان انڈیا، ڈمپ ان انڈیا بن گیا ہے: رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی

,

   

نئی دہلی: ہمارا ملک اس حکومت میں میک ان انڈیا توبن نہ سکا لیکن اس کو اب ڈمپ ان انڈیا بنانے کی تیاری کی جارہی ہے۔ اب باہر سے کباڑ جہاز آئیں گے اور ہم ان کو ریسائیکل کریں گے۔ بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے لوک سبھا میں مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں سے جو کچرا نکلتا ہے اس کو ہمارے ملک میں لاکر یہ حکومت ڈمپ کر کے اس کو ریسائیکل کر ے گی۔

مودی حکومت میں ڈمپ ان انڈیا بن گیا ہے۔ کنور دانش نے کہا کہ آپ روزگار مہیاکریں لیکن انسان کی صحت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو باہر سے شپس آتے ہیں جب ان کو توڑا جاتا ہے تو اس میں سے ایک خطرناک کیمیکل خارج ہوتا ہے جس سے انسانی صحت پر خطرناک اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب گھر کی صفائی ہوتی ہے تو ہم لوگ سارا کوڑا کرکٹ ایک تھیلے میں بھر کر باہر پھینک دیاکرتے ہیں یہ بالکل ویسا ہی معاملہ ہے۔