مودی دنیا گھوم آئے‘ وارانسی کے کسی گاؤں کا بھی دورہ کرلیتے! پرینکا گاندھی کا طنز

,

   

اُناؤ ؍ بارہ بنکی (اترپردیش) وزیراعظم نریندر مودی لوک سبھا نشست وارانسی سے دوبارہ انتخاب کیلئے اپنی نامزدگی داخل کرنے کے آج ایک روز بعد کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے انھیں اپنے حلقہ انتخاب کے کسی بھی گاؤں کا دورہ نہ کرنے کا مورد الزام ٹھہرایا۔ پرینکا نے کانگریس امیدوار برائے حلقہ اُناؤ انو ٹنڈن کے حق میں روڈشو منعقد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم دنیا بھر کا سفر کرتے ہیں، وارانسی میں کشتی رانی کا لطف بھی اٹھاتے ہیں، لیکن انھوں نے اپنے پارلیمانی حلقہ کے دیہات کا دورہ نہیں کیا ہے۔ وزیراعظم کو کم از کم اپنے حلقہ کے کسی گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے دیہاتیوں سے بات کرنا اور حقیقت حال کو سمجھنا چاہئے۔ اُناؤ میں روڈشو شروع کرنے سے قبل کانگریس جنرل سکریٹری برائے اترپردیش ایسٹ نے سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کے مجسمہ پر پھول مالا چڑھایا۔ اپنی مہم کے دوران پرینکا نے مقامی لوگوں سے بات کی جبکہ کانگریس لیڈر کے حامی اُن پر پھول پتیوں کی بارش کرتے رہے۔