مظفر نگر-راشٹریہ لوک دل(آر ایل ڈی) کے سربراہ اجیت سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی پر فساد کرا کے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کا الزام لگایا ہے ۔
مسٹر سنگھ نے اتوار کو کوکڑا بلاک میں عظیم اتحاد کے کارکن سمیلن میں کہا کہ مسٹر مودی ملک کے نہیں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے وزیر اعظم ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نے مظفر نگر کے کوال میں فساد کرا کے لوک سبھا کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن اب مظفر نگر میں ہی بی جے پی کو شکست فاش ہوگی۔
آر ایل ڈی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ہر آدمی کبھی نہ کبھی جھوٹ بولتا ہے لیکن مسٹر مودی کبھی سچ نہیں بولتے ۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کے میعاد کار میں روزگار کے مواقع کم ہوئے ہیں۔ جی ایس ٹی سے تاجر پریشان ہیں اور معیشت کی بری حالت ہے ۔
مسٹر سنگھ نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم اپنے علاوہ سب کو ملک کا غدار مانتے ہیں۔ انہوں نے چٹکی لی کہ مسٹر مودی خود کو فقیر بتاتے ہیں تو خدا سبھی کو ان کی طرح فقیر بنا دے ۔
اجیت سنگھ نے دعوی کیا کہ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی( ایس پی)، بہوجن سماج پارٹی( بی ایس پی) اور آر ایل ڈی کے اتحاد کو کوئی پارٹی لوک سبھا انتخابات میں شکست نہیں دے سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اتحاد سے وزیر اعظم کافی گھبرائے ہوئے ہیں۔
سمیلن میں بی ایس پی کے سابق رکن پارلیمان قادر رانا، سابق رکن پارلیمان امیر عالم، سابق رکن اسمبلی انل کمار، سابق وزیر اوما کرن، دھرم ویر بالیان، سابق وزیر یو گ راج سنگھ، سابق ایم ایل اے نور سلیم رانا سمیت کئی لیڈر موجود تھے ۔