مودی سے کنٹراکٹ حاصل کرنے راجگوپال ریڈی کا اسمبلی سے استعفی

   


ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کا الزام، تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کی ملک میں مثال نہیں

حیدرآباد۔/2 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں اہم رکاوٹ بننے والے نریندر مودی کے ذریعہ مختلف کاموں کے کنٹراکٹ حاصل کرنے کیلئے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ جگدیش ریڈی نے نلگنڈہ ضلع میں نئے قائم شدہ منڈل گٹ اوپل میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راجگوپال ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سابق میں برطانوی سامراج کی مدد کی گئی اسی طرح راجگوپال ریڈی بی جے پی کی تائید کررہے ہیں۔ حضورنگر میں رکن اسمبلی کے استعفی اور ناگرجنا ساگر میں رکن اسمبلی کے دیہانت کے سبب ضمنی چناؤ منعقد ہوئے تھے لیکن منوگوڑ میں صرف ذاتی مفادات کی تکمیل کیلئے راجگوپال ریڈی نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دیا جس کے سبب ضمنی چناؤ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے قریبی صنعتی گھرانوں کو اراضیات اور برقی حوالے کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کی مثال بی جے پی کی کسی ریاست میں پیش نہیں کی جاسکتی حتیٰ کہ وزیر اعظم کی ریاست گجرات میں بھی تلنگانہ کی طرح اسکیمات نہیں ہیں۔ر
چیف منسٹر کے سی آر نے منوگوڑ کی ترقی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ضلع کو فلورائیڈ کے پانی سے نجات دلانے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ملک کے تابناک مستقبل کیلئے کے سی آر کو قومی سیاست میں حصہ لینے کیلئے عوام کے دباؤ کو قبول کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس منوگوڑ میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منوگوڑ کی کامیابی چیف منسٹر کو بطور تحفہ پیش کریں۔ر