نئی دہلی ۔12؍مئی ( ایجنسیز)ڈالر کے مقابلے روپئے کی کم ہوتی قدر معاملہ پر کانگریس نے ایک بار پھر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ آج روپیہ اب تک کی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گیا جس پر کانگریس نے ایکس‘ پر مختصر پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی پر طنزیہ انداز میں تنقید کی ہے۔ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’1 ڈالر = 95.63 روپئے ہوگیا۔ نریندر مودی نے سخت محنت سے روپئے کو اب تک کی سب سے نچلی سطح پر پہنچا دیا اور روپئے کی خراب حالت، ملک کی خراب معیشت کا ثبوت ہے۔ مودی ایک ناکام وزیر اعظم ہیں۔کانگریس نے ’نوبھارت ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں روپئے کی قدر گھٹنے کا ذکر ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی روپیہ منگل کو ابتدائی کاروبار میں 35 پیسے ٹوٹ کر اب تک کی سب سے نچلی سطح 95.63 پر پہنچ گیا۔ امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور سمجھوتہ کی امیدیں مندمل ہونے سے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب گھریلو کرنسی پر دباؤ بڑھا ہے۔ انٹر بینک بیرون ملکی کرنسی ریگولیٹری مارکیٹ میں روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے 95.57 پر کھلا اور پھر ٹوٹ کر اب تک کی سب سے نچلی سطح 95.63 پر آ گیا۔قابل ذکر ہے کہ روپیہ پیر کے روز 79 پیسے ٹوٹ کر امریکی ڈالر کے مقابلے اپنی ریکارڈ نچلی سطح 95.28 پر بند ہوا تھا۔ اس درمیان 6 اہم کرنسیوں کے مقابلے امریکی ڈالر کی حالت کو ظاہر کرنے والا ڈالر انڈیکس 0.19 فیصد کی سبقت کے ساتھ 98.14 پر رہا۔