مودی نے 73 ویں سالگرہ میٹر ریل میں منائی

   

نئی دہلی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوارکو دہلی میٹرو ٹرین میں سفر کرکے اپنی 73 ویں سالگرہ منائی۔کوچ میں سفر کرنے والے مسافروں کو تالیاں بجاتے اور ہیپی برتھ ڈے مودی جی گاتے اور ان کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے دیکھا گیا۔اس سے پہلے وزیر اعظم مودی نے دہلی ایرپورٹ میٹرو ایکسپریس لائن کی توسیع کا افتتاح کیا، اسے دوارکا سیکٹر 21 سے نئے تعمیر شدہ یشوبومی دوارکا سیکٹر 25 میٹرو اسٹیشن تک پھیلایا گیا۔ وزیر اعظم نے دھولا کوان سے یشوبومی دوارکا سیکٹر 25 تک ایرپورٹ ایکسپریس لائن میں سفرکیا۔ دہلی میٹرو کے حکام کے مطابق، نیا یاشو بھومی دوارکا سیکٹر 25 اسٹیشن ایک زیر زمین سہولت ہے جو اب شہر کے اہم مقامات جیسے کہ اندرا گاندھی انٹرنیشنل (آئی جی آئی) ایرپورٹ کے ٹرمینل 3 اور نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے براہ راست منسلک ہو جائے گا۔ اس نئی توسیع پر مسافر خدمات اتوار کی سہ پہر 3 بجے سے شروع کی گئی۔ اس سیکشن کے اضافے کے ساتھ، نئی دہلی سے یاشو بھومی دوارکا سیکٹر 25 تک ایرپورٹ ایکسپریس لائن کی کل لمبائی 24.9 کلومیٹر ہو جائے گی۔ ایرپورٹ ایکسپریس لائن میں اب سات میٹرو اسٹیشن ہیں یعنی نئی دہلی (یلو لائن کے ساتھ انٹرچینج)، شیواجی اسٹیڈیم، دھولا کوان، دہلی ایروسیٹی، ایرپورٹ (T-3)، دوارکا سیکٹر 21 (بلیو لائن کے ساتھ انٹرچینج) اور یشوبومی دوارکا سیکٹر 25 شامل ہوگئی ہیں۔ ڈی ایم آر سی کے عہدیدار نے مزید کہا کہ چھ بوگیوں پر مشتمل کل آٹھ ٹرینیں پورے دوارکا سیکٹر 21 سے یشوبومی دوارکا سیکٹر 25 میٹرو سیکشن تک ایرپورٹ ایکسپریس لائن کوریڈور پر دستیاب ہوں گی۔”اس سیکشن پر ٹرینیں 10 منٹ کی فریکوئنسی پر دستیاب ہوں گی۔
وزیر اعظم مودی کے ہاتھوں ’وشوکرما اسکیم‘ کا افتتاح
دستکاروں کو بغیر گارنٹی 3 لاکھ تک کا قرض حاصل ہوگا

نئی دہلی: وزیر اعظم مودی نے اتوار کے روز دہلی کے دوارکا میں ’یشو بھومی‘ کے نام سے انڈیا انٹرنیشنل کنونشن اور ایکسپو سینٹر (آئی آئی سی سی) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج وشوکرما جینتی کا خاص دن جو کہ روایتی کاریگروں اور دستکاروں کے لیے وقف ہے، اسی طرح یشوبومی بھی ملک کے ہر دستکار اور کارکن کے لیے وقف ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’وشوکرما یوجنا‘ ہندوستان کی مقامی مصنوعات کو عالمی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ جس طرح جسم میں ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے، اسی طرح وشوکرما ساتھی (دستکار) سماجی زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے بغیر روزمرہ کی زندگی کا تصور کرنا مشکل ہے۔ فریج کے دور میں بھی لوگ گھڑے کا پانی پسند کرتے ہیں۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ ان ساتھیوں کو پہچان اور حمایت ملنی چاہیے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وشوکرما یوجنا کے ذریعہ تمام ساتھیوں کو تربیت دینے پر زور دیا گیا ہے۔ ٹریننگ کے دوران حکومت کی طرف سے ہر ساتھی کو 500 روپے یومیہ الاؤنس دیا جائے گا۔ جدید ٹول کٹ کے لیے 15000 روپے دیے جائیں گے۔ حکومت اشیا کی برانڈنگ میں بھی مدد کرے گی۔ اس کے بدلے میں حکومت چاہتی ہے کہ آپ صرف ان دکانوں سے سامان خریدیں جن کے پاس جی ایس ٹی رجسٹریشن ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹولز صرف ہندوستان میں تیار کردہ ہونے چاہئیں۔ مودی نے کہا کہ حکومت بغیر کسی گارنٹی کے کاروبار شروع کرنے کے لیے رقم فراہم کرے گی۔ 3 لاکھ روپے تک کا قرض بغیر کسی گارنٹی کے دیا جائے گا اور اس کا سود بھی بہت کم ہوگا۔