مودی ٹاملناڈوکی ثقافت اور زبان کا احترام نہیں کرتے: راہول

,

   

کانگریس قائد کے ٹاملناڈو کے دورہ کا آغاز‘روڈ شو سے خطاب

نئی دہلی :کانگریس کے سابق صدر را ہول گاندھی اپنے تین روزہ دورے پر ٹاملناڈو کے کوئمبٹور پہنچ گئے ہیں۔ اس دوران ان کا کانگریس کارکنان نے پْرجوش استقبال کیا۔ را ہول گاندھی نے روڈ شو کے دوران موجود لوگوں سے خطاب کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کو ٹاملنا ناڈو کی ثقافت، زبان اور لوگوں کا کوئی احترام نہیں ہے۔ ان کا خیال ہے کہ تمل کے عوام، زبان اور ثقافت ان کے نظریات اور ثقافت کو تابع ہونا چاہیے۔اس سے قبل راہول گاندھی نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے وزیر اعظم مودی کو نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر مودی حکومت کے خلاف لڑیں گے۔ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا، “ایک بار پھر تمل ناڈو میں آکر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے۔ مجھے کونگو بیلٹ کے اپنے تامل بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا۔ ہم مل کر تامل ناڈو کی ثقافت کو مودی سرکار کے حملے سے بچائیں گے۔ تمل ناڈو پہنچتے ہی راہل گاندھی کا زبردست استقبال کیا گیا۔ راہل گاندھی کے روڈ شو میں ہزاروں افراد موجود تھے۔