مودی ’پردھان پرچار منتری‘ ،پرینکا گاندھی کا نیا طنز

   

بانڈا۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو ’’پردھان پرچار منتری‘‘ قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ اترپردیش میں علاقہ بندیل کھنڈ کے ایک علاقہ بانڈا میں سڑکوں کی صفائی کیلئے بی جے پی حکومت پینے کا صاف پانی ضائع کررہی ہے۔ پرینکا گاندھی کے طنزیہ ریمارکس پر ریاستی چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا جنہوں نے کہا کہ ان (پرینکا) کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کانگریس پر شکست کا خوف طاری ہوچکا ہے۔ وزیراعظم جمعرات کو اس علاقہ کا دورہ کریں گے جس سے ایک دن قبل کانگریس نے مودی اور ان کی پارٹی پر تنقیدی حملہ کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ہمارے پردھان پرچار منتری کے خیرمقدم کیلئے پینے کے صاف پانی سے بندیل کھنڈ کی سڑکیں دھوئی جارہی ہیں۔ یہ ایسے وقت کیا گیا جب مرد، خواتین، اسکولی بچے، فصلیں، پرندے اور جانور سب کے سب قحط سالی اور پانی کی قلت کا سامنا کررہے ہیں۔

جموں میں آندھی ، عام زندگی متاثر
جموں ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں میں آج طوفانی ہواؤں اور آندھی کے سبب عام زندگی متاثر ہوئی۔ کئی مقامات پر برقی سربراہی مسدود ہوگئی اور ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی ۔ چند علاقوں میں گھنے درخت جڑ سے اکھڑ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔