مودی کو جنوبی ہند سے مقابلہ کا چیلنج : سنگھوی

   

جودھپور 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس ترجمان ابھیشیک مانو سنگھوی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو چیلنج کیا کہ وہ جنوبی ہند کی کسی ریاست سے لوک سبھا انتخاب لڑ کر دکھائیں ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان دعووں کو مسترد کردیا کہ راہول گاندھی نے کیرالا کے وائیناڈ حلقہ میں اقلیتوں کے غلبہ کی وجہ سے وہاں سے مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وائیناڈ حلقہ کی 50 فیصد آبادی ہندووں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح راہول گاندھی نے کیرالا سے مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے کیا مودی آندھرا پردیش ‘ تلنگانہ ‘ کیرالا یا پھر ٹاملناڈو کے کسی حلقے سے مقابلہ کی جراء ت کرسکتے ہیں ؟ ۔ سنگھوی نے کانگریس انتخابی منشور کی بھی ستائش کی اور کہا کہ یہ بہت بہترین دستاویز ہے ۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی کے وعدوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے منشور میں تمام مسائل کو شامل کیا گیا ہے اور اس میں جملوں کو یا فرضی وعدوں کو جگہ نہیں دی گئی ہے ۔