مودی کو دوسرا ملنے پر پر ملک تباہ ہوجائیگا‘ دیوے گوڑا کا انتباہ

,

   

کے آر نگر (کرناٹک)، 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم اور سربراہ جے ڈی (ایس) ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج اندیشہ ظاہر کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو دوسرا موقع اس ملک اور اس کے دستور کو تباہ کردے گا۔ کانگریس اور جے ڈی (ایس) قائدین بشمول راہول گاندھی کے مشترکہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے دیوے گوڑا نے کہا کہ 282 نشستیں جیتنے کے زعم میں نریندر مودی قوم کو برباد کردینے کے درپے ہیں۔ انھوں نے زور دیا کہ اس ملک کا تعلق کسی ایک مذہبی عقیدہ سے نہیں ہے، بلکہ ان تمام سے ہے جو مختلف مذاہب پر عمل پیرا ہیں، چاہے وہ اسلام ہو، عیسائیت ہو، جین مت ہو یا ہندو مت۔ گوڑا نے عوام کو یاددہانی بھی کرائی کہ مودی کی تقریر میں ’’کھوکھلے پن‘‘ کو سمجھیں۔ ’’میں ہاتھ جوڑ کر آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ مودی کی باتیں کھوکھلی ہیں۔ آپ برائے مہربانی اس بات کو سمجھیں۔ اگر اتفاق سے مودی دوبارہ وزیراعظم بن جائیں تو ایسی صورتحال پیدا ہوجائے گی جہاں بی آر امبیڈکر کا لکھا گیا دستور تباہ کردیا جائے گا۔ میں یہ بات تجربے کی بناء کہہ رہا ہوں۔ میں کئی مثالیں پیش کرسکتا ہوں کہ کس طرح اس ملک میں سسٹم کو برباد کیا گیا ہے۔‘‘ چونکہ کانگریس اور جے ڈی (ایس) کا اتحاد داخلی رسہ کشی سے متاثر ہورہا ہے، اس لئے گوڑا نے دونوں پارٹیوں کے ورکرز سے دلسوز اپیل کی کہ قومی صورتحال کو ذہن نشین رکھتے ہوئے میسورو اور دیگر جگہوں پر اختلافات کو فراموش کردیں۔ گوڑا نے کانگریس اور جے ڈی (ایس) قائدین اور ورکرز کو یاددہانی کرائی کہ آپ ملحوظ رکھیں کہ شخصی مفادات اہم نہیں، بلکہ ملک اہم ہے۔ ہمیں ہمارے شخصی حسد و مخاصمت کو بالائے طاق رکھ دینا چاہئے۔ گوڑا نے اپنے دو پوتروں نکھل کماراسوامی اور پرجوال ریونا کو ترتیب وار مانڈیا اور ہاسن لوک سبھا حلقوں سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ نکھل ، چیف منسٹر ایچ ڈی کماراسوامی کے فرزند ہیں جبکہ پرجوال، وزیر پی ڈبلیو ڈی ایچ ڈی ریونا کے بیٹے ہیں۔ دونوں پوتروں کو کانگریس کے ساتھ ساتھ جے ڈی (ایس) ورکرز کی طرف سے بغاوت کا سامنا ہے۔