تیانجن/نئی دہلی، 31 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کے دوران نیپال، مالدیپ، مصر، بیلاروس، تاجکستان، ویتنام اور قازقستان کے اعلیٰ رہنماؤں سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے موضوعات پر گفتگو کی۔مودی ہفتہ کو دو روزہ دورے پر یہاں پہنچے تھے تاکہ ایس سی او سربراہی اجلاس میں حصہ لے سکیں۔ آج انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کیے ۔ اس کے بعد انہوں نے مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں کے بعد مودی نے سوشل میڈیا پر سلسلہ وار پوسٹوں میں اس بارے میں معلومات مشترک کیں۔انہوں نے کہاکہ تیانجن میں نیپال کے وزیر اعظم کے پی اولی سے مل کر خوشی ہوئی۔ نیپال کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات گہرے اور انتہائی خاص ہیں۔ایک اور پوسٹ میں انہوں نے کہاکہ تیانجن میں ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران مالدیپ کے صدر معیزو سے بات چیت کی۔