مودی کے خلاف سی پی ایم کی الیکشن کمیشن سے شکایت

   

نئی دہلی 9 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی ایم الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی مہاراشٹرا تقریر پر شکایت درج کروائی ہے ۔ مودی نے اوسہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والوں سے بالا کوٹ حملہ کرنے والے بہادر جوانوں کے نام پر ووٹ مانگا ہے ۔ اپنے مکتوب میں پارٹی پولیٹ بیورو کے رکن نیلوتپل باسو نے کمیشن سے کہا کہ وہ مناسب کارروائی کو یقینی بنائے تاکہ اس طرح انتخابات سے قبل ماحول کو پراگندہ کرنے کی کوششوں پر روک لگائی جاسکے ۔ پارٹی نے کہا کہ انتخابی ماحول ملک کو فرقہ وارانہ تفریق کی سمت لیجایا جا رہا ہے ۔ باسو نے اپنے مکتوب میں کہا کہ خود وزیر اعظم کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ وہ کمیشن کی جانب سے پہلے سے جاری کردہ ہدایات کی بھی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ کمیشن نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ مسلح افواج کے نام پر ووٹ نہیں مانگا جانا چاہئے ۔ سی پی آئی ایم نے آسام کے بی جے پی وزیر ہیمنتا بسوا شرما کے ایک بیان پر بھی شدید اعتراض کیا ہے ۔ اس بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ دھوتیاں اور لنگی پہننے والوں کے ووٹوں کی انہیں ضرورت نہیں ہے ۔