موربی پل حادثہ: ’اوریوا‘ گروپ کی ضمانت عرضی خارج

   

گاندھی نگر : گجرات ہائی کورٹ نے اوریوا گروپ کے چیف منیجنگ ڈائریکٹر جئے سکھ پٹیل کی مستقل ضمانت عرضی خارج کر دی، جئے سکھ پٹیل نے جنوری ماہ میں خود سپردگی کی تھی اور تبھی سے جیل میں بند ہیں۔ موربی پل منہدم ہونے سے متعلق ایک معاملہ میں آج گجرات ہائی کورٹ نے فیصلہ سنایا۔ معاملہ ایوروا گروپ کے چیف منیجنگ ڈائریکٹر (سی ایم ڈی) جئے سکھ پٹیل کی مستقل ضمانت سے متعلق تھا۔ اس پر سماعت کرنے کے بعد گجرات ہائی کورٹ نے عرضی کو مسترد کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ فیصلہ جسٹس دویش جوشی نے سنایا۔ قابل ذکر ہے کہ 30 اکتوبر 2022 میں موربی سسپنسن پل منہدم ہو گیا تھا جس کا کلیدی ملزم اوریوا گروپ کے سی ایم ڈی جئے سکھ پٹیل کو بنایا گیا تھا۔ موربی پل حادثہ میں کلیدی ملزم نامزد کیے جانے کے بعد جنوری 2023 میں جئے سکھ پٹیل نے خود سپردگی کر دی تھی اور تبھی سے وہ جیل میں بند ہیں۔ ان کی مستقل ضمانت عرضی پہلے بھی ذیلی عدالتوں کے ذریعہ خارج کر دی گئی تھی، اور اب گجرات ہائی کورٹ نے بھی انھیں راحت نہیں دی ہے۔ گجرات ہائی کورٹ نے قبل ازیں پٹیل کی مستقل ضمانت کے لئے درخواست داخل کرنے کا حکم دیا تھا لیکن پٹیل کے جنوری میں خودسپرد ہو جانے کے بعد حالات میں تبدیلی واقع ہوئی ہے۔